مظاہرین کے خلاف فلش بال کے استعمال پر فرانسیسی ڈاکٹروں کا احتجاج
فرانس کے ڈاکٹروں نے صدر میکرون کو ایک احتجاجی مراسلہ ارسال کر کے ان سے کہا ہے کہ وہ پولیس کو مظاہرین پر خطرناک فلش بال کا استعمال کرنے سے روکیں۔
احتجاجی مراسلے پر دستخط کرنے والے فرانسیسی ڈاکٹروں نے صدر میکرون سے کہا ہے کہ فلش بال کے استعمال سے بڑی تعداد میں یلو جیکٹ تحریک کے مظاہرین آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو رہے ہیں اور اعضائے بدن بھی جسم سے الگ ہو رہے ہیں-
اس احتجاجی مراسلے پر آنکھ کے پینتیس ڈاکٹروں نے دستخط کئے ہیں جنھوں نے لکھا ہے کہ پولیس کے ذریعے مظاہرین پر فلش بال کے استعمال سے مظاہرین کی آنکھوں کو سنگین نقصانات پہنچ رہے ہیں اور ابھی تک فرانس کی تاریخ میں آنکھ کی بینائی سے محرومی کے اتنے بڑے واقعے کی مثال نہیں ملتی-
فرانسیسی اخبار جرنال دو دیمانش نے لکھا ہے کہ فرانسیسی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صدر امانوئیل میکرون نے ان کے اس خط کا کوئی جواب نہیں دیا-
فرانس کے نائب وزیر داخلہ نے ابھی حال ہی میں کہا ہے کہ گذشتہ برس نومبر سے یلو جیکٹ مظاہروں کے آغاز سے اب تک تیرہ ہزار فلش بال کی گولیاں فائر کی جا چکی ہیں-
فرانسیسی وزارت داخلہ نے بھی کہا ہے کہ فلش بال اور صوتی بموں کی زد میں اب تک سیکڑوں مظاہرین زخمی ہو چکے ہیں اور بیس سے زائد افراد نابینا ہوئے ہیں یا پھر ان کے اعضائے بدن الگ ہو گئے ہیں-