ٹرمپ جھک گئے بوئنگ 737 کو گراؤنڈ کرنے کا حکم
امریکی صدرٹرمپ ایک بار پھر عالمی دباوکے سامنے جھک گئے اور بوئنگ 737 میکس طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طیارے فوری طور پر گراؤنڈ کیے جارہے ہیں، ٹرمپ کے اعلان پر کچھ ہی دیرمیں امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی حکم نامہ جاری کردیا۔
امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایتھوپیا میں حادثے کے مقام سے جمع شواہد اور سیٹلائٹ سے حاصل ڈیٹا کی روشنی میں طیارے گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے امریکی ایوی ایشن ریگولیٹر نے طیارے گراؤنڈ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ طیارے کی کارکردگی میں کوئی خرابی نہیں۔
ایتھوپیا میں اتوار کو ہونے والے طیارہ حادثے کے بعد دنیا کے تقریبا 50 ممالک نے بوئنگ 737 میکس طیاروں پر پابندی لگادی۔
واضح رہے کہ ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارہ گرنے سے تمام 157 مسافر ہلاک ہوگئے تھے، پانچ ماہ میں طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسرا مہلک حادثہ تھا۔