مساجد پر حملہ دہشت گردی ہے:نیوزی لینڈ کی وزیراعظم
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نےمساجد پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی اور سوچی سمجھی سازش قراردیاہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے نیوز کانفرنس کے دوران مساجد پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا۔ جسینڈا آرڈرن نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، واقعے میں 49 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، یہ حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا اور اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کہا کہ حملے میں ملوث تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے، مسجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد واچ لسٹ میں نہیں تھے، زیر حراست افراد کی گاڑی میں بارودی مواد بھی نصب تھا۔
جسینڈا آرڈرن نے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے معاشرے کی عکاسی نہیں کرتا، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ میں 2 مساجد میں فائرنگ سے2 پاکستانیوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔