ٹرمپ نے مساجد پر حملے سے متعلق ٹوئٹ کوڈیلیٹ کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے کے ردعمل میں کیا گیا ایک ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا ہے ۔
نیوزی لینڈ کی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے کے بعد ایک ٹوئٹ کیا جس میں کسی تعزیت یا افسوس کا اظہار یا کوئی اور تبصرہ نہیں کیا گیا ، بلکہ صرف ایک لنک شیئر کیا تھا۔
ٹرمپ کی جانب سے شیئر کیے گئے لنک میں حملے سے متعلق ایک ویب سائٹ اسٹوری کا لنک تھا جو اس سانحے پر غم زدہ لوگوں کے جذبات کو اور مجروح کرسکتی تھی ۔
دس گھنٹے بعد صدر ٹرمپ نے بالآخر زیادہ انسانیت پر مبنی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دوسرے ٹوئٹ میں قتل عام کی مذمت کی اور نیوزی لینڈ سے یک جہتی کا اظہار کیا۔
صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا نیوزی لینڈ کا حملہ سفید فام قوم پرستی کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی خطرے کا عکاس ہے ؟ اس پر ٹرمپ کا کہنا تھا وہ ایسا نہیں سمجھتے ، ان کے خیال میں یہ چند لوگوں کا ایک گروپ ہے جسے سنجیدہ مسائل درپیش ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ کے اس جواب پر اس بات کا تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ اگر فائرنگ کسی مسلمان نے کی ہوتی تو ٹرمپ اتنا ہی نرم موقف اختیار کرتے۔
واضح رہے کہ کل نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ میں 2 مساجد میں فائرنگ سے2 پاکستانیوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔