کراکاس اور ماسکو تعلقات دونوں ملکوں کے لیے سود مند ہیں، نکولس مادورو
وینیزویلا کے صدر نے کراکاس اور ماسکو تعلقات کو دونوں ملکوں کے لئے سود مند قرار دیا ہے۔
روسی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر نکولس مادورو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عنقریب بیس سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے بیس برس کے دوران وینیزویلا اور روس کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔
صدر مادورو نے روس کی جانب سے ونیزیلا کو انسانی امداد فراہم کرنے کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے انسانی امداد پر مشتمل ایک کھیپ کراکاس پہنچ گئی ہے اور ہم دوسری کھیپ کا انتظار کر رہے ہیں۔
روس نے وینیزویلا کے لیے تین سو ٹن امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے جس میں غذائی اشیا اور دوائیں شامل ہوں گی۔
خطے میں امریکی پالیسیوں کی مخالفت کی وجہ سے وینیزویلا کو امریکہ کی جانب سے اقتصادی پابندیوں اور ناکہ بندی کا سامنا ہے۔