Apr ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۳ Asia/Tehran
  • مالی کے وزیراعظم کابینہ سمیت مستعفی

افریقی ملک مالی کے وزیراعظم نے اپنی پوری کابینہ کے ساتھ استعفیٰ دے دیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق افریقی ملک مالی کے وزیراعظم سومیلاؤ بوبیی میگا اور ان کی کابینہ ملک میں جاری لسانی فسادات کو روکنے میں ناکامی پر مستعفی ہوئے ہیں۔

مالی کے صدر ابراہیم ابوبکر کیٹا کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم سومیلاؤ بوبیی میگا اور ان کی کابینہ کے اراکین کا استعفی منظور کرلیا ہے۔

صدارتی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل سابق حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ مشاورت سے کی جائے گی۔

مالی کے وزیراعظم کے خلاف گزشتہ روز حکومت اور حزب اختلاف کے اراکین نے مشترکہ طور پر تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جو کامیاب ہوگئی تھی۔

مالی کی حکومت پر موپٹی خطے میں جاری تشدد کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے سخت دباؤ تھا۔

مالی کے علاقے موپٹی میں دو مقامی گروہ ڈوگن اور فولانی ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہیں۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق 23 مارچ کو 160 افراد صرف اس علاقے میں قتل کر دیے گئے تھے۔

مالی کے دارالحکومت میں پانچ اپریل کو حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ ہوا تھا جس میں حکومتی نااہلی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مالی میں فسادات کی طویل تاریخ ہے اور ان فسادات میں سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس