Apr ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • سری لنکا دھماکے: 300 ہلاک 500 زخمی

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں گزشتہ روز ایسٹر کے تہوار پر ہونے والے بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 300 ہو گئی جبکہ واقعے میں 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

دہشت گردوں نے دارالحکومت کولمبو سمیت 4 شہروں میں 8 بم دھماکے کیے جن میں گرجا گھروں اور لگژری ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 300 افراد میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن میں5برطانوی،3 ہندوستانی، ڈنمارک، ترکی اور چین کے دو، جبکہ نیدرلینڈز اور پرتگال کا ایک ایک شہری شامل ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکوں کے بعد کولمبو کے ائیر پورٹ کے قریب ایک پائپ بم بھی برآمد ہوا ہے جسے ناکارہ بنادیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے 8دھماکوں میں کم از کم 2 خودکش حملے تھے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے 24مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد مقامی ہیں اور حملہ آوروں کے ممکنہ غیر ملکی رابطوں کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکوں کے بعد کولمبو میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا جسے آج پیر کے روز ہٹالیا گیاہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں تقریباً 10 سال پہلے خانہ جنگی ختم ہونے کے بعد یہ اب تک کے سب سے مہلک حملے ہیں، جن کی تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

ٹیگس