محنت کشوں کو ان کاعالمی دن مبارک ہو
دنیا بھر میں یکم مئی کا دن مزدوروں کے ساتھ دادرسی، ان کی خدمات کااعتراف اورانہیں خراج تحسین پیش کرنے کے طور پر منایا جاتاہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم مئی کومزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس موقع پر مزدوروں کی حمایت میں سیمنارز منعقد ہو رہے ہیں اور ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں۔
یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اورہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔
یوم مئی یا محنت کشوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کل تہران میں محنت کشوں اور صنعتکاروں کے ایک اجتماع سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے خطاب کیا اورمحنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کے عالمی دن کی مناسبت سے انھیں مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ یکم مئی 1886کے دن امریکا کے شہر شکاگو کے مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کئے جانے والے استحصال پر سڑکوں پر نکلے تھے لیکن پولیس نے اس پرامن جلوس پر فائرنگ کرکے سیکڑوں مزدوروں کو جاں بحق اور زخمی کردیا جبکہ درجنوں کو اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے پر پھانسی دے دی گئی لیکن یہ تحریک ختم ہونے کے بجائے دنیا بھر میں پھیلتی چلی گئی جو اب بھی جاری ہے۔
معروف شاعر معراج فیض آبادی نے مزدور کی مجبوری کو کیا خوبصورت لفظوں میں پرویا ہے۔
مجھ کو تھکنے نہیں دیتا یہ ضرورت کا پہاڑ
میرے بچے مجھے بوڑھا نہیں ہونے دیتے