عالمی ریڈ کراس ، سیلاب متاثرین کے لئےغیر ملکی امداد کی ترسیل کے لئے پُرعزم
بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایران میں سیلاب متاثرین کے لئے غیر ملکی امداد کی منتقلی کے حوالے سے نئے راستے نکالنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔
عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے سربراہ پیٹر ماؤرر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ہلال احمر ادارے کے سربراہ علی اصغر پیوندی کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ریڈ کراس کمیٹی 4 لاکھ ڈالر تک سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی ۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی ریڈ کراس کمیٹی ایران میں سیلاب متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید امداد فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ ایران کے مختلف صوبوں میں حالیہ سیلاب کے بعد ایرانی ہلال احمر نے یہ اعلان کیا تھا کہ بیرون ملک ہلال احمر کے اکاؤنٹس کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی وجہ سے کوئی بھی ایرانی شہری، عالمی ادارے بالخصوص بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی، ایرانی عوام کے لئے امدادی رقوم بھیجنے سے قاصر ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی انتظامیہ بالخصوص ٹرمپ کی عوام دشمن پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیاں صرف معاشی جنگ نہیں بلکہ معاشی دہشت گردی ہیں۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے چیئرمین نے پہلے بھی انسانی ہمدردی کے مسئلے کو سیاسی بنائے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دشوار پابندیاں غیرجانبدرانہ امدادی کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں ۔