طرابلس کی جھڑپیں عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، یورپی یونین
یورپی یونین کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ نے خلیفہ حفتر کی فوج کے طرابلس پر حملے کو عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
بریسلز میں یورپی یونین کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کے جاری کردہ بیان میں لیبیا کی جھڑپوں میں الجھے تمام فریقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حملے روک دیں اور جنگ کے خاتمے کی کوشش کریں۔
خلیفہ حفتر کی سرکردگی میں قائم لیبیا کی نیشنل آرمی کے عناصر نے چار اپریل سے طرابلس سے حملے شروع کر رکھے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ خلیفہ حفتر کو سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بعض مغربی ملکوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔
روزنامہ وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق خلیفہ حفتر نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد طرابلس پر حملے کا فیصلہ کیا تھا۔
طرابلس پر خلیفہ حفتر کی فوج کے حملوں میں اب تک چار سو سے زائد افراد ہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
لیبیا سن دو ہزار گیارہ کے عوامی انقلاب کے بعد سے امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کی مداخلت کی وجہ سے شدید بدامنی کا شکار ہے۔