پاک و ہند وزرائے اعظم کی ملاقات شیڈول نہیں: ہندوستان
شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آئندہ ہفتے 13 سے 14 جون تک قرقزستان میں منعقد ہوگی جس میں مختلف سربراہانِ مملکت کے علاوہ پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے۔
ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں۔
واضح رہے کہ پاک و ہند کے ذرائع ابلاغ میں پچھلے چند دنوں سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس میں نریندر مودی اور عمران خان میں ملاقات متوقع ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات پر اہم بات چیت ہوسکتی ہے۔ تاہم ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے تازہ بیان میں ان تمام خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں تک میری معلومات ہیں، بشکیک میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں۔