Jun ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • ہانگ کانگ میں لاکھوں افراد کا دھرنا

ہانگ کانگ میں حکومت کے حوالگی بل کی نئی ترمیم کے خلاف مظاہرے کے دوران تشدد سے پیر کو کئی لوگ زخمی ہو گئے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق چین کو ملزمان کی حوالگی کے نئے بل کے خلاف ہانگ کانگ کے وکٹوریہ پارک میں لاکھوں افراد نے دھرنا دیا ہوا ہے وکٹوریہ پارک میں حد نگاہ تک لاکھوں مظاہرین کے سر ہی سر نظر آرہے ہیں، یہ 15 سال میں سب سے بڑا احتجاجی دھرنا ہے۔

 مظاہرین نے پیلے رنگ کی چھتریاں بھی اُٹھائی ہوئی ہیں جو چین کے تسلط سے آزادی کے لیے مزاحمت کا ایک استعارہ بھی ہے۔ مظاہرین نے چین کو ملزمان کی حوالگی سے متعلق ملک کے نئے بل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کی تعداد میں گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پولیس چیف نے مشتعل ہجوم کو قابو کرنے کے لیے 2 ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا ہے تاہم  لاکھوں مظاہرین کے لیے یہ تعداد نہایت کم ہے۔ مشتعل مظاہرین کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس اور لاٹھیوں کا استعمال کرنا پڑا اس دوران کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ چین کے زیر انتظام ایک نیم خود مختارعلاقہ ہے تاہم گزشتہ چند برس سے یہاں چین کے خلاف مزاحمت کا آغاز ہوگیا ہے ۔

 

ٹیگس