Jun ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • سوڈانی مخالفین نے اپنے مجوزہ وزیر اعظم کا نام پیش کر دیا

سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کے مخالفین نے اپنے وزیر اعظم کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔دوسری جانب فوجی کونسل نے تین مخالف رہنماؤں کو جیل سے رہا کرنے کے بعد جلاوطن کر دیا۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کے مخالفین نے عبداللہ حمدوک کا نام اپنے آئندہ وزیراعظم کی حیثیت سے پیش کر دیا۔سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کی مخالف جماعتوں کے ایک رہنما نے اپنا نام ظاہر نہ کئے جانے کی شرط پر بتایا ہے کہ منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں مجوزہ وزیراعظم کی حیثیت سے عبداللہ حمدوک کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔سوڈان کے مذکورہ مخالف سیاسی رہنما کے بقول سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کے مخالفین کی جانب سے عبوری پارلیمنٹ کے لئے آٹھ اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا جن میں سے تین خواتین ہوں گی۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ عبوری فوجی کونسل نے سوڈان کی عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل اسماعیل جلاب، نائب سیکریٹری جنرل یاسر عرمان اور اس پارٹی کے ترجمان مبارک اردول کو جیل سے رہائی کے تھوڑی ہی دیر کے بعد جنوبی سوڈان جلاوطن کر دیا۔ان تینوں رہنماؤں کو گذشتہ ہفتے اتھوپیا کے وزیر اعظم آبی احمد سے، جنھوں نے سوڈان کی عبوری فوجی کونسل کے ساتھ اس ملک کی مختلف جماعتوں اور گروہوں کے درمیان ثالثی کے لئے سوڈان کا دورہ کیا تھا، ملاقات کے بعد سوڈان کے فوجی اہلکاروں نے گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا تھا۔دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈانی فوج کی جاری حمایت کے سلسلے میں بھاری مقدار میں فوجی سازوسامان خرطوم ایرپورٹ منتقل کر دیا ہے۔روسی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے اس بات کا انکشاف سوڈان کی فوجی کونسل کے ایک مخالف رہنما صدیق ابو فواز نے کیا ہے اور بتایا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈانی فوج کی جاری حمایت کے سلسلے میں بھاری مقدار میں فوجی سازوسامان خرطوم ایرپورٹ منتقل کر دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ فوجی ہتھیار حالیہ ہفتوں کے دوران منتقل کئے گئے ہیں تاکہ سوڈانی فوج ہتھیاروں سے مکمل طور پر لیس رہے اور اسے اسلحے کی کوئی کمی محسوس نہ ہو۔واضح رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل نے ریاض اور ابوظہبی کی بھرپور حمایت سے ہی خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنا دینے والوں پر اندھادھند فائرنگ کی تھی۔ سوڈان کی طبی کمیٹی کے اعلان کے مطابق تین جون کو احتجاج کرنے والوں پر تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ایک سو اٹھارہ ہو گئی ہے۔

ٹیگس