Jul ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا ہے، روس

روس نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی سرگرمیوں کو کم کرنے سے متعلق جو وعدہ کیا تھا وہ اس کا رضاکارانہ اقدام تھا اس لئے ایران پر یہ الزام نہیں لگایا جا سکتا کہ اس نے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے-

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ایران کی نئی ایٹمی سرگرمیاں تشویش کا باعث نہیں ہیں کیونکہ سارے اقدامات آئی اے ای اے کی نگرانی میں انجام پا رہے ہیں-

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخیرے میں اضافے کا فیصلہ تہران کے خلاف امریکی پابندیوں اور اقدامات کی وجہ سے کیا ہے-

آئی اے ای اے میں روسی مندوب میخائل الیانوف نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ این پی ٹی کے ممبر ممالک نچلی سطح کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے میں جتنا چاہیں اضافہ کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں کوئی بندش نہیں ہے، کہا کہ تہران  نے امریکا کی جانب سے ایرانی تیل پر غیرقانونی طریقے سے عائد کی گئی پابندی کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے افزودہ یورینیم کی سطح اور ذخیرے کی مقدار میں اضافہ کرے گا۔

ٹیگس