آئی این ایف سے امریکا کی علیحدگی سے دنیا میں خلفشار پیدا ہوگا
Aug ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
سابق سویت یونین کے آخری رہنما میخائل گورباچف نے آئی این ایف معاہدے سے امریکا کی علیحدگی پر تنقید کی اور کہا ہے کہ واشنگٹن کے اس اقدام سے ہتھیاروں کی نئی دوڑ کا آغاز اور دنیا میں بدامنی کا دور شروع ہوجائے گا۔
میخائل گورباچف نے روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی این ایف کے بارے میں واشنگٹن نے جو سخت موقف اپنایا ہے اس سے امریکا ایک المئے سے قریب ہوتا جا رہا ہے۔ سابق سویت یونین کے آخری رہنما گورباچف نے جنھوں نے آئی این ایف معاہدے پر دستخط کئے تھے کہا کہ آئی این ایف کا خاتمہ عالمی برادری کے حق میں نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیئو نے جمعے کو آئی این ایف کے خاتمے کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا تھا۔ روسی وزارت خارجہ نے امریکا کے اس اقدام کو ایک بڑی غلطی قراردیا - ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بھی امریکا سے کہا ہے کہ وہ اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب اور بین الاقوامی معاہدوں سے نکلنے کے بجائے دنیا کے نئے حقا ئق کا ادارک کرے۔ ٹرمپ انتظامیہ اب تک متعدد دوطرفہ ، چندجانبہ اور عالمی معاہدوں سے باہر نکل چکی ہے۔