مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک و ہند مذاکرات کریں: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیرمیں انسانی حقوق کا احترام کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے ہندوستان سے اس ملک کے زیر انتظام کشمیرمیں انسانی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کےحل کے لیے پاک و ہند مذاکرات انتہائی ضروری ہیں، فریقین قبول کریں تو اقوام متحدہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انٹونیو گوٹیریس نے کہا کہ ہم صرف اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں اور فریقین قبول کرلیں تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے اور دوسری جانب ہم کسی چیز کی حمایت کرسکتے ہیں جس کا اظہار کیا جا چکا ہے اور کیا جاتا رہے گا۔
اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ میری رائے واضح ہے کہ علاقے( کشمیر) میں انسانی حقوق کامکمل احترام کیا جانا چاہیے اور یہ کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کو حل کرنے کے لیے مذاکرات انتہائی اہم ہیں۔