Oct ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۲:۵۱ Asia/Tehran
  • شامی کردوں نے کیا ترکی اور امریکہ کے مابین سمجھوتے کا خیر مقدم

شامی کردوں نے ترکی اور امریکہ کے مابین شام میں عارضی جنگ بندی کے سمجھوتے کا خیر مقدم کیا ہے۔

اسپوتنیک نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کے مابین طویل ملاقات کے بعد شمالی شام میں عارضی جنگ بندی سے اتفاق کیا گیا۔

شامی کردوں کے اہم رہنما آلدار خلیل نے شام میں عارضی جنگ بندی کے سمجھوتے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امید افزا قرار دیا اور کہا کہ یہ جنگ کردوں کی مزاحمت کی وجہ سے عمل میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ ترکی اور امریکہ کے مابین 120 گھنٹے کیلئے شام میں کردوں کے خلاف فوجی آپریشن عارضی طور پر بند کرنے کا معاہدہ طے پایا ۔ ترکی نے شام میں کردوں کے خلاف فوجی آپریشن روکنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے اور اس سلسلے میں امریکہ اور ترکی کا معاہدہ طے پاگیا اور ترکی اور امریکہ نے شام میں سیف زون کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے بعد ترکی پر مزید پابندیاں عائد  نہیں کی جائیں گی اور جس وقت جنگ بندی کا مستقل معاہدہ طے پاجائے گا اس وقت ترکی پر پیر کے روز عائد کی جانے والی پابندیاں بھی اٹھالی جائیں گی۔

 

ٹیگس