برطانوی وزیراعظم کی اپنے موقف سے پسپائی
برطانوی وزیراعظم نے اپنے موقف سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے یورپی یونین سے بریگزٹ کی مہلت میں اضافہ کی باضابطہ درخواست کی ہے۔
یورپی کونسل کے چیئرمین جان کلاڈ یونکر کے نام بغیر دستخط کے ارسال کیے جانے والے ایک خط میں وزیراعظم بورس جانسن نے درخواست کی ہے کہ برطانیہ کی اس یونین سے علیحدگی کی مہلت میں جنوری دوہزار بیس تک کا اضافہ کردیا جائے۔
بورس جانسن نے اپنے یورپی ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ نے انہیں یہ خط ارسال کرنے پر مجبور کیا ہے اور یہ خط دراصل ان کا نہیں بلکہ پارلیمنٹ کا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کے تین سو بائیس ارکان نے بریگزٹ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے قانون سازی تک اس کے التوا کے حق میں ووٹ دیئے ہیں جبکہ مخالفت میں تین سو چھے ووٹ ڈالے گئے۔
بورس جانسن نے ملکہ ایلزبتھ سےگزشتہ ماہ پارلیمنٹ کو معطل کرنے کی منظوری لی تھی تاہم سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا جس کے بعد ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔