شمالی کوریا کے مزید میزائلی تجربے
شمالی کوریا نے شارٹ رینج کے 2 میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق پیانگ یانگ اور واشنگٹن میں جوہری مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہونے کے بعد جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے کم فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے والے 2 میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔
سیول کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائلوں کو جنوبی پیونگان صوبے سے مشرق کی جانب سمندر میں فائر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میزائلوں نے 370 کلومیٹر کا فاصلہ 90 کلومیٹر کی بلندی کو چھوتے ہوئے طے کیا۔
دوسری جانب واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ امریکا صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے اور جاپان اور جنوبی کوریا میں اپنے اتحادیوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ 2 اکتوبر کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے یہ تازہ میزائل تجربہ ہے۔ 2 اکتوبر کو شمالی کوریا نے سمندر سے میزائل فائر کرنے کا تجربہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا، سویڈن میں امریکا سے مذاکرات ادھورا چھوڑ کر چلا گیا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ یہ مایوس کن تھے کیونکہ اس میں واشنگٹن کی جانب سے نئے اور بہتر حل فراہم نہیں کیے گئے۔