جنگی صورت حال برقرار رہی تو جوابی اقدامات کریں گے: چین
چینی صدر نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کی جانب سے جنگی صورت حال برقرار رہی تو جوابی اقدامات کریں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں سابق امریکی اہلکاروں اور غیر ملکی مہمانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ وہ امریکا کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیادوں پر تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔ امریکا اور چین کے درمیان معاشی جنگ سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، خطے میں قیام امن کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں اور کسی بھی تنازعے میں پڑنے کے بجائے دوطرفہ تجارتی تعلقات کی بحالی کے لیے سرگرم بھی ہیں اور پُر امید بھی ہیں۔
چین کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے کے خواہاں ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ چین امریکا سے خوف زدہ ہے۔ جنگی صورت حال برقرار رہی تو جوابی اقدامات بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت کے آغاز سے ہی چین کی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دی تھیں جس کے بعد چین نے بھی اسی طرح کا اقدام کیا تب سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر محصولات کی گولہ باری میں مصروف ہیں ۔