شمالی کوریا کو امریکی وزیرجنگ کی دھمکی
امریکی وزیرجنگ نے شمالی کوریا کے انتباہ کے ردعمل میں پیونگ یانگ کو جنگ کی دھمکی دے ڈالی ہے -
امریکی وزیرجنگ مارک اسپر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ان کا ملک سفارتی راستے پر باقی رہے گا دعوی کیا کہ اگر ضروری ہوا تو وہ شمالی کوریا کے ساتھ آج ہی جنگ کے لئے تیار ہے -
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے رواں عیسوی سال کے آخر تک امریکا کو دی گئی مہلت کے اختتام کا ذکرکرتے ہوئے ایک بیان میں شمالی کوریا کے امور میں واشنگٹن کی مداخلت کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ انسانی حقوق کے بہانے شمالی کوریا میں مداخلت کررہا ہے -
شمالی کوریا نے امریکا کے اس طرح کے اقدام کی بابت وائٹ ہاؤس کو خبردار کیا ۔ جزیرہ نمائے کوریا اور چین کے امور میں امریکی نمائندے اسٹیفن بیگن کے حالیہ دورے کے بعد شمالی کوریا کا یہ پہلا انتباہ ہے - شمالی کوریا نے تقریبا ایک ہفتے قبل بھی امریکا سے مذاکرات کو روک دینے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب واشنگٹن کے پاس مذاکرات میں کہنے کے لئے کچھ نہیں ہے -