جنگ سے متعلق امریکی صدر کے اختیارات محدود کر دئے گئے
امریکی ایوان نمائندگان نے جنگ سے متعلق امریکی صدر کے اختیارات کو محدود کرنے والے بل کو پاس کر دیا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق یہ بل امریکی ایوان نمائندگان میں ایک سو چورانوے کے مقابلے میں دو سو چوبیس ووٹوں سے منظور ہوا۔ جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ پارٹی کے نمائندوں سے اس بل کے حق میں ووٹ نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
بدھ کے روز امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے حکم سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کئے جانے اور اسکے بعد خطے میں کشیدگی پیدا ہوجانے کے سبب وہ ایوان نمائندگان میں ایک بل پر ووٹنگ کرائیں گی جس کے پاس ہو جانے کی صورت میں جنگ سے متعلق امریکی صدر کے اختیارات محدود ہو جائیں گے۔
نینسی پلوسی نے اپنے اس بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایک اشتعال انگیز اور نامناسب حملہ کر کے ایران کے اعلیٰ فوجی عہدے داروں کو نشانہ بنایا ہے۔امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے کانگریس سے مشورہ کئے بغیر خود سرانہ اقدام کیا جس کے سبب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔