چین میں کورونا وائرس کا قہر
کورونا وائرس کے باعث چین میں 40 سے زائد افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد اس وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جس میں تقریباً 250 کی حالت تشویشناک ہے۔
مذکورہ وائرس چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے شروع ہوا اور 40 سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بنا جبکہ متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد بھی ووہان سے ہی تعلق رکھتی ہے۔ چین کے علاوہ امریکا، ملائیشیا، فرانس اور آسٹریلیا میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں اور ان ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ایئرپورٹ پر مسافروں کے جسم کا درجہ حرارت ناپنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
چین میں نئے قمری سال کی تقریبات کے موقع پر دیگر ممالک سے لاکھوں چینی شہریوں کی آمد متوقع تھی تاہم اب ان تقریبات کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
مذکورہ وائرس سانس کے ذریعے پھیلتا ہے جس کے علاج کی اب تک کوئی ویکسین دستیاب نہیں البتہ چین میں عوام کو عوامی مقامات پر ماسک پہننے اور صفائی ستھرائی رکھنے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔