مالی میں فوجی اڈے پرفائرنگ سے 19 اہلکار ہلاک
Jan ۲۷, ۲۰۲۰ ۰۷:۳۴ Asia/Tehran
افریقی ملک مالی میں شدت پسند گروہ کے مسلح افراد نے ایک فوجی اڈے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی اور 4 موٹرسائیکلوں پر آئے اور سوکولو آرمی بیس پر کارروائی کے بعد مالی فوج کا اسلحہ اور جنگی سازوسامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ تاحال کسی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں ایک سے زائد شدت پسند جنگجو حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
مالی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک درجن سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جب کہ حملہ آوروں کا بھی نقصان ہوا ہے۔ اس فوجی بیس میں وہ اہلکار تعینات تھے جو ملحقہ بستیوں میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔