امریکی وزیر خارجہ نے شام میں دہشت گردوں کی حمایت کی
Jan ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۸ Asia/Tehran
امریکی وزیر خارجہ نے شمال مغربی شام میں دہشت گردوں کی حمایت میں شام اور اس کے اتحادیوں کے خلاف سیاسی اور اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
بغداد پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق مائک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں دھمکی دی ہے کہ واشنگٹن شامی حکام اور صوبہ ادلب اور حلب میں جاری فوجی آپریشن کی حمایت کرنے والے ملکوں کے خلاف سخت ترین سفارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ شامی فوج اور اس کے اتحادی شام میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شام کے صوبے ادلب میں جنگ بندی کے حوالے سے ترکی اور روس کے درمیان اتفاق رائے ہونے کے باوجود یہ دہشت گرد عناصر ہیں جو امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔