برطانیہ باضابطہ طور پر یورپی یونین سے الگ ہوگیا
Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۴:۴۲ Asia/Tehran
برطانیہ نے جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب سرانجام سینتالیس سال بعد یورپی یونین سے باضابطہ طور پر علیحدگی اختیار کرلی۔
برطانوی حکومت نے لندن کے وقت کے مطابق جمعہ اکتیس جنوری کی رات گیارہ بجے تین سال تک کی کشمکش اور سیاسی و قانونی اختلاف و مباحثے کے بعد یورپی یونین میں اپنی شمولیت کے خاتمے کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا۔ برطانوی وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ایک نئے دور کے آغاز کا یقین دلاتے ہیں اور ہم نئے دور کے طلوع ہونے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
اس کے ہی ساتھ یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر اور یورپی یونین سے وابستہ دیگر دفاتر اور اداروں کی عمارتوں سے برطانیہ کا پرچم اتار دیا گیا ہے۔
یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا معاہدہ تین سال تک کی سیاسی و قانونی بحث و مباحثے اور اختلاف کے بعد بائیس جنوری کو سرانجام برطانوی پارلیمنٹ میں منظور کرلیا گیا تیئیس جنوری کو ملکہ برطانیہ نے اس پر دستخط کردئے اور یوں بریگزیٹ باضابطہ طور پر ایک قانون بن گیا۔
اس کے بعد برطانوی وزیراعظم نے اس معاہدے پر دستخط کردئے جس پر یورپی یونین کے حکام پہلے دستخط کرچکے تھے۔
برطانوی وزیراعظم اور یورپی یونین کے سربراہوں کے مابین ہونے والے معاہدے کے مطابق یکم فروری سے تیس دسمبردو ہزار بیس تک فریقین عبوری دور سے گذریں گے۔ اس عرصے میں برطانیہ یورپی یونین کی مشترکہ منڈی کا رکن بھی بنا رہے گا۔