Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  •  امریکی سینیٹ، ٹرمپ کی جانب داری پر اتر آئی

امریکی صدر کا مواخذہ کرنے والی کیمٹی کے سربراہ ایڈم چیف نے سینیٹ کی جانب سے گواہوں کو بلانے کی درخواست مسترد کیے جانے کو ملکی تاریخ میں ایک ناگوار بدعت قرار دیا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈم چیف کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی جانب سے مواخذے کے عمل میں مزید گواہوں کو بلانے اور نئی دستاویزات پیش کرنے کی مخالفت امریکی تاریخ کی ناگوار بدعت ہے اور اس کے بہت ہی گہرے اور نقصان دہ نتائج برآمد ہوں گے۔سینیٹ میں اقلیتی دھڑے کے سربراہ چک شومر نے بھی پوآئنٹ آف آرڈر پر بولتے ہوئے کہا کہ مزید گواہوں کو بلانے کے بارے میں کرائی جانے والی رائے شماری کے نتائج کسی سانحے سے کم نہیں اور گواہوں کو بلائے بغیر ٹرمپ کو بری کر دینا انتہائی گھٹیا حرکت ہوگی۔
چک شومر نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بھی کہا ہے کہ امریکہ کی تاریخ اس دن کو کبھی نہیں بھلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے ری پبلکن ارکان حقائق سے دور چلے گئے ہیں اور انہوں نے شرمناک حدتک حالات سے سمجھوتہ کرلیا ہے۔
چک شومر کا کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر کو کسی گواہی اور ثبوت کے بغیر بری کیا گیا تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی کیونکہ امریکی عوام کو معلوم ہے کہ یہ عدالت محض دکھاوا بن گئی ہے۔
 
امریکی سینیٹ نے جمعے کی شب صدر ٹرمپ کے خلاف جاری مواخذے کی کارروائی میں مزید گواہوں کی شمولیت کے بارے میں ایوان نمائندگان کی درخواست مسترد کردی ہے۔
یہ درخواست انچاس کے مقابلے میں اکیاون ووٹوں سے مسترد کی گئی اور اس طرح اب کوئی بھی گواہ ٹرمپ کے خلاف شہادت دینے کے لیے، سینیٹ کی مواخذہ کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوسکے گا۔گواہوں کو مواخذہ کمیٹی کے سامنے بلانے کا معاملہ اس وقت شدت اختیار کرگیا تھا جب صدر ٹرمپ کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن کی زیر طبع کتاب کے حوالے سے یہ انکشاف کیا گیا کہ صدر ٹرمپ نے دوہزار بیس کے صدارتی انتخابات میں اپنے ممکنہ حریف جو بائیڈن کے بیٹے خلاف کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کی غرض سے حکومت یوکرین پر دباؤ ڈالا تھا۔
ٹرمپ نے گزشتہ سال جولائی کے اواخر میں اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ان سے ایسی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جن سے اپنے ممکنہ صدارتی حریف جو بائیڈن کی ساکھ خراب کرنے میں مدد مل سکتی ہو۔امریکی صدر کے مواخذہ کا مقدمہ اکیس جنوری سے سینیٹ میں شروع کردیا گیا ہے اور ان پر باضابطہ فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

ٹیگس