چین میں کورونا کا زور ٹوٹ گیا
ایشیا کے ملک چین سے پھوٹنے والا کورونا وائرس اس وقت تقریباً پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے تاہم چین میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی گھٹتی شرح سے دکھائی دیتا ہے کہ اس ملک نے کافی حد تک اس وائرس پر کنٹرول کر لیا ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق چین میں مزید 42 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد دو ہزار 912 تک پہونچ گئی۔
چینی حکام کے مطابق نوے فیصد ہلاکتیں صوبہ ہبئی میں ہوئی ہیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار ہو چکی ہے۔ امریکا میں کرونا وائرس سے اب تک دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جنوبی کوریا میں کورونا کے مزید پانچ سو کیس سامنے آ گئے جس کے بعد کورونا کے شکار افراد کی تعداد چار ہزار ہو گئی جبکہ چار مزید ہلاکتوں کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بائیس تک جا پہنچی۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے سبب تیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ایران میں یہ تعداد 54 تک پہونچ چکی ہے۔
ادھر آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں بھی ایک ایک کے مارے جانے کی خبر ہے اور دوسری طرف نیوزی لینڈ میں بھی کورونا وائرس کی پہچان کی گئی ہے۔
اس قسم کی صورتحال میں عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کے مریضوں میں شرح اموات صرف دو سے پانچ فیصد ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق وائرسزیادہ تر 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں یا ایسے افراد کا شکار کرتا ہے جن کی صحت پہلے سے خراب ہو اور انہیں پھیپڑوں کی بیماری کا کوئی عارضہ لاحق ہو۔
عالمی ادارہ صحت نے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرز تیار رکھیں اور آکسیجن سسٹم کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
واضح ہے کہ دسمبر دوہزار انیس سے چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والا کورونا وائرس اب دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے، دنیا بھر میں اس وائرس سے 87 ہزار 694 افراد بیمار ہوئے جن میں سے اب تک 42 ہزار 689 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔