Mar ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • کورونا کا قہر جاری، 76 ممالک مہلک وائرس کا شکار

چین میں خوفناک کورونا وائرس سے آج مزید31 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2943 ہو گئی ہے۔

دنیا بھر میں مہلک وائرس کورونا  نے اب تک 76 ممالک کو  اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اٹلی میں اب تک 52 افراد جان  کی بازی ہار چکے ہیں۔ امریکا میں مہلک وائرس سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔  جبکہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی سالانہ 64 ویں ویمن کانفرنس بھی کورونا کی وجہ سے مختصر کر دی گئی۔

چین میں کورونا سے مزید 31افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار نو سو تینتالیس ہوچکی ہے۔ جبکہ اسی ہزار افراد ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہونے والا خوفناک کورونا وائرس کی زد میں آکر دنیا کے 76 ممالک میں اب تک 3100 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 89000 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے لیکن اب بھی اس سے سب سے زیادہ متاثر چین کے لوگ ہی ہیں۔

اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی موت کے 80 فیصد کیس 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں پایا گیا تھا۔

 

ٹیگس