Mar ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۴۴ Asia/Tehran
  • پھیلتا ہی جا رہا ہے کورونا وائرس کا جال

یورپی ممالک کے درمیان اٹلی ایسا ملک ہے جو اب تک کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

ایسو شیئیٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتے کے دوران یورپ میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ اٹلی میں وائرس 233 افراد کی جان لے چکا ہے جس کے بعد وہاں کے ایک کروڑ 6 لاکھ افراد پر مشتمل علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔

فرانس میں 949 افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں جن میں پارلیمنٹ کے 3 نمائندے بھی شامل ہیں۔ اس ملک میں کورونا سے اب تک 16 افراد کے مارے جانے کی خبر ہے۔فرانسیسی حکومت نے ملک بھر میں اسکولوں کو بھی بند کر دیا ہے۔

اسپین میں 400 افراد میں کورونا وائرس کی تائید کی چکی ہے جن میں سے اب تک 3 افراد صحت یاب ہو کر گھر لوٹ چکے ہیں۔

جرمنی میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں اب تک 795 افراد اس وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس (کووڈ -19) سے اتوار تک مرنے والوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے جبکہ 67 نئے کیس کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 7134 تک پہونچ گئی۔

امریکہ میں بھی اب تک 400 کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 19 افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ اُدھر فلسطینی انتظامیہ کے ترجمان یوسف المحمود نے اعلان کیا ہے کہ 15 امریکی شہریوں کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد بیت لحم میں  قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے۔

کینیڈا کے صوبہ برٹش کولمبیا میں کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے ملک میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 58  ہو گئی۔

سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے کورونا وائرس کی وجہ سے قطیف علاقے میں تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک دنیا کے 103 ممالک، کورونا وائرس کی زد میں آ چکے ہیں اور دنیا بھر میں یہ وائرس قریب چھتیس سو افراد کی جان لے چکا ہے۔

ٹیگس