ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں ختم کی جائیں: چین
چین نے ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شین ھوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کا تینتالیسواں اجلاس منعقد ہوا جس میں چین کی وزارت خارجہ کی خصوصی نمائندے لیو ھوآ نے جنیوا میں میں ایٹمی سمجھوتے کے تمام فریقوں بالخصوص امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایرانی عوام کے تعلق سے انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے کے لئے تہران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں فورا منسوخ کرے۔
لیو ھوآ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ممالک کی مرضی کے بغیر بیرونی میکانیزم مسلط کرنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلتا اور اس کا انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں کوئی کردار بھی نہیں ہوتا۔
انسانی حقوق کے امور میں چین کی خصوصی نمائندہ نے کہا کہ اس وقت ایران کی حکومت اور عوام کورونا وائرس کی روک تھام میں مصروف ہیں جس کے پیش نظر چین، رضاکارانہ طور پر اپنی توانائی کے مطابق ٹیسٹ کیٹس اور دیگر ضروری وسائل کے علاوہ ماہرین کی ایک ٹیم ایران بھیج کر تہران کی مدد کر رہا ہے اور تمام فریقوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کورونا کو روکنے میں ایران کے ساتھ تعاون کریں ۔