امریکہ میں کورونا کا قہر، ایک ریاست میں ایک لاکھ بیمار!
Mar ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۳ Asia/Tehran
امریکی صدر ٹرمپ انتظامیہ کو کورونا وائرس کے تعلق سے اندرون ملک وسیع پیمانے پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔
امریکہ میں ایک اعلی سطحی علمی شخصیت نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کے رویئے کو انتہائی مضحکہ خیز اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کہیں زیاد بدتر قرار دیا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے شبعہ انٹرنیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی سربراہ اشیش جھا نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر حیرت کے امریکہ بھر میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل اب تک کیوں شروع نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کا رویہ انتہائی مضحکہ خیز اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کہیں زیاد بدتر ہے۔
دوسری جانب ریاست اوہائیو کے ہیلتھ ڈائریکٹر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ریاست میں کم سے کم ایک لاکھ افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ اوہایو کی آبادی اس وقت گیارہ ملین کے لگ بھگ ہے ۔
امریکہ میں متعدی بیماریوں کی روک تھام کے مرکز کے سربراہ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ہمارا ہیلتھ سسٹم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام ہوگیا ہے۔
قبل ازیں امریکی ہاسپٹل ایسوسی ایشن نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ تقریبا نو کروڑ ساٹھ لاکھ افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا امکان پایا جاتا ہے جن میں سے چار کروڑ اسی لاکھ افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔
امریکہ کی سابق نائب وزیر خارجہ ونڈی شرمن نے ملک میں کرونا وائرس کے حوالے سے خدمات کی فراہمی میں پائے جانے والے طبقاتی فرق کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی اکثریت کو کورونا وائرس ٹیسٹ کٹس کی سہولت میسر نہیں ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سینیٹر لنڈسے گراہم کو ٹرمپ کے ساتھ فلوریڈا کے دورے اور برازیل کے صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد، کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی شبہے میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
برازیل کے صدر کے بارے میں بھی ٹرمپ کے ساتھ ملاقات اور ان کی ٹیم کے ایک رکن کے کورونا میں مبتلا ہوجانے کے بعد، کورنا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ امریکہ کی پچاس ریاستوں میں سے چالیس میں کورونا وائرس کے کیس سامنے آچکے ہیں۔
درایں اثنا کینیڈا کے وزیراعظم کی اہلیہ کو بھی انفلوئنزا جیسی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہیں ان کے گھر میں قرنطنیہ کردیا گیا ہے۔
کینیڈا کے ایوان وزیر اعظم کے جاری کردہ بیان میں بھی اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے کہ وزیر اعظم کی اہلیہ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبہے میں گھر میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔
اسی دوران اٹلی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی شب تک ملک بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس کے دوہزار چھے سو اکیاون نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس موذی مرض کا شکار ہونے والوں کی تعداد پندرہ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔