امریکہ کو عراقی حکومت کے رویئے سے مایوسی
Mar ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۷ Asia/Tehran
حکومت امریکہ نے واشنگٹن کی سرکردگی میں قائم نام نہاد عالمی فوجی اتحاد کے بارے میں عراقی حکومت کے رویئے پر برھمی کا اظہار کیا ہے۔
نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ انکے ملک کی سرکردگی میں قائم فوجی اتحاد کی حمایت کے حوالے سے عراقی حکومت نے جو رویہ اختیار کر رکھا ہے وہ ہمارے لیے بہت مایوس کن ہے۔
امریکی عہدیدار کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عراق میں قائم التاجی نامی امریکی فوجی اڈے پر گیارہ مارچ کو ہونے والے راکٹ حملوں میں تین امریکی اور برطانوی فوجی ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے تھے۔
عراقی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
حکومت عراق کے واضح موقف کو نظر انداز کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ پیر کو دھمکی دی تھی کہ امریکہ عراق میں اپنے فوجی اڈوں پر حملوں کا جواب دے گا۔
بعض مبصرین کا خیال ہے کہ امریکہ عراق سے فوجی انخلا کے عوامی مطالبات کے پیش نظر، حکومت عراق پر دباؤ ڈالنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے تاکہ اسے عوامی مطالبے کی تکمیل سے باز رکھا جا سکے۔