اٹلی میں کورونا سے تباہی کا سلسلہ جاری، ایک لاکھ 29 ہزار متاثر
کورونا وائرس دنیا کے 200 سے زائد ملکوں میں پھیل گیا ہے جس سے اب تک کم سے کم 67 ہزار افراد ہلاک جبکہ 12 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں اور تقریبا 3 لاکھ کے قریب افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پارس ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق اٹلی میں کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں مزید4 ہزار 316 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے اس طرح اس ملک میں اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 947 افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بھی 15 ہزار 887 تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح اٹلی یورپی ممالک میں کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔۔
یاد رہے کہ اٹلی کے وزیر اعظم جوزبہ کونتہ نے پورے ملک کو قرنطینہ کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کورونا پر قابو پانے میں اب تک ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے آخر میں چین کے ہوبئی صوبے سے کورونا وائرس کے معاملے شروع ہوئے تھے اور اب تک کورونا وائرس دنیا کے 200 سے زائد ملکوں میں پھیل گیا ہے جس سے اب تک کم سے کم 67 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔