Apr ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۲ Asia/Tehran
  • اسپین سے زیادہ کورونا متاثرین نیویارک میں

امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور صرف نیویارک میں متاثرین کی کل تعداد پورے اسپین میں متاثرین کی تعداد سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اخبار ڈیلی میل کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ پورے اسپین میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ستاون ہزار ہے-

امریکی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ اس وقت پورے امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد چار لاکھ انہتر ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد سولہ ہزار سات سو پندرہ ہو گئی ہے جن میں صرف نیویارک میں سات ہزار سے زائد افراد کورونا کے سبب اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں-

امریکہ میں اس وقت کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے- امریکی حکومت کو کہ جس نے خاصی تاخیر کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کا ٹسٹ انجام دینے پر توجہ مبذول کی، اس وقت اسے بیماروں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ٹسٹ کٹ اور طبی وسائل کی کمی کا سامنا ہے-

عالمی ادارۂ صحت نے چوبیس مارچ کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ مستقبل قریب میں کورونا وائرس سرایت کرنے کے مرکز میں تبدیل ہو جائے گا-

اس وقت امریکہ کی سبھی پچاس ریاستیں ، کورونا وائرس میں ملوث ہیں- کورونا کے تعلق سے امریکی صدر ٹرمپ کی کارکردگی کے بارے میں تشویش بڑھ گئی ہے اور اس ملک کی کئی ریاستوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے-

ٹیگس