Apr ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۱ Asia/Tehran
  • چین پر امریکی صدر کا الزام درست نہیں: عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت نے چین پر امریکی صدر کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے امریکی صدر ٹرمپ کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تائیوان نے ووہان میں نمونیا پھیلنے کی پریس رپورٹ پر خبردار کیا تھا۔  ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ تائیوان نے 31 دسمبر کو عالمی ادارہ صحت کو ای میل بھیجی تھی تاہم تائیوان نے یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ انسانوں کو انسانوں سے لگنے والی بیماری ہے اور اس نے صرف یہ لکھا تھا کہ یہ بیماری ’’سارس‘‘ نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت پر تائیوان کی وارننگ نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پرالزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ تائیوان نے انسانوں سے انسانوں میں وائرس منتقلی کی وارننگ دے دی تھی اور عالمی ادارہ صحت نے ان کی ابتدائی وارننگ نظرانداز کر کے بیجنگ کی مدد کی۔

امریکی صدر کا الزام تھا کہ چین نے دنیا سے کورونا کی ہولناکی کو چھپایا تھا۔ ٹرمپ نے تائیوان وارننگ نظرانداز کرنے پر عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

 

ٹیگس