ہندوستان اور پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ
ہندوستان اور پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے جس کے نتیجے میں ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد چودہ ہزار سے زائد اور پاکستان میں ساڑھے سات ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
ہندوستان میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ بھی جاری ہے لیکن کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ہفتے کو جاری کئے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد چودہ ہزار سات سو سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد چار سو اٹھاسی ہے-
ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید نو سو اکیانوے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس عرصے میں تینتالیس لوگوں نے کورونا سے اپنی جان بھی گنوائی ہے-
ہندوستانی وزارت صحت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ اب تک دو ہزار سے زائد لوگوں کا علاج ہو چکا ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید دو سو تینتالیس افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے تین مئی تک ملک گیر لاک ڈاؤن ہے -
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ ہندوستانی نیوی کے جوانوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے - ہندوستانی میڈیا کے مطابق ممبئی میں پندرہ سے بیس نیوی کے جوانوں کی کورونا ٹسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد انہیں نیوی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے- ہندوستانی نیوی کے یہ سبھی جوان آئی ان اس آنگرے سے تعلق رکھتے ہیں۔ آئی ان اس آنگرے ممبئی کے ساحل پر واقع ہے- ہندوستانی نیوی کے افسران ان لوگوں کا پتہ لگا رہے ہیں جن سے یہ جوان رابطے میں تھے-
دوسری جانب ہندوستانی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اصافہ ہوسکتا ہے اور پھر اس کے بعد متاثرین کی تعداد میں کمی شروع ہوجائے گی۔
ادھر پاکستان میں بھی کورونا کے متاثرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک پاکستان میں ساڑھے سات ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد ایک سو تینتالیس تک جا پہونچی ہے-
پاکستان کے محکمہ صحت کے اعلان کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد سات ہزار پانچ سو سولہ ہو گئی ہے- پاکستان میں جیسے جیسے ٹسٹنگ کا عمل آگے بڑھ رہا ہے ویسے ویسے کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے - پاکستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کو بھی ملک کے مختلف علاقوں میں نئے کیسز سامنے آئے ہیں-
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے پنجاب میں اس وقت کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد تین ہزار چار سو دس ہے اور اس کے بعد سندھ میں متاثرین کی تعداد دو ہزار دو سو سترہ ریکارڈ کی گئی ہے-
دریں اثنا پی آئی اے برطانیہ، چین، الجزائر، دبئی اور انڈونیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے اٹھارہ سے بیس اپریل کے درمیان تیئیس خصوصی پروازیں چلا رہی ہے۔ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ فلائٹ آپریشن محدود نوعیت کا ہے اور اس دوران اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتا، فیصل آباد اور پشاور سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ فلائٹ کے بعد عملے کے افراد اور مسافروں کو سات روز کے لئے قرنطینہ میں رہنا ہو گا -