کورونا کی گہماگہمی میں امریکی صدر کو انتخابی دوروں کی سوجھی
امریکہ میں کورونا سے جاری ہلاکتوں کے بیچ ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں اندرون ملک اپنے دورے شروع کر دیں گے۔ جبکہ امریکہ میں انکے اِن دوروں کو آئندہ کے صدارتی انتخابات سے جوڑا جا رہا ہے۔
فرانس پریس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں اور نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندے ایک ہفتے میں ریاست ایریزونا کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے دعوی کیا ہے کہ ان کا یہ دورہ اقتصادی مسائل سے مربوط ہو گا اور اس دورے کا آئندہ کے انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ وہ اوہایو بھی جائیں گے۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اپنے انتخابی جلسے بھی شروع کریں گے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران امریکہ میں کورونا سے ہونے والی ڈھائی سو اموات کے ساتھ اس ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد، اب بڑھ کر اکسٹھ ہزار، سات سو ننانوے ہو گئی ہے جبکہ امریکہ میں دس لاکھ چھیاسٹھ ہزار آٹھ سو سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات کی سب سے زیادہ تعداد اس وقت امریکہ میں ہے۔