Apr ۳۰, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکا کے ہر میزائيل حملے کا منہ توڑ جواب دے گا روس، وارننگ دیتے ہوئے یہ بات کہی ...

روس کی وزارت خارجہ نے امریکا کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

روسی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان نے اپنے ایک بیان میں انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے آبدوز سے بیلسٹک میزائیل کے حملے کو روس ایٹمی حملہ سمجھے گا اور اسی لحاظ سے جواب دے گا۔ ماریا زاخارووا نے کہا کہ کم طاقت والے ایٹمی وار ہیڈ کے ساتھ بیلسٹک میزائيل لے جانے والی آبدوز کو متعین کرنے کا امریکا کا فیصلہ بہت ہی خطرناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے عدم استحکام پیدا ہوگا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا یہ بیان، اس مضمون پر رد عمل کی صورت میں سامنے آیا ہے جو حال ہی میں امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع کیا گيا ہے۔ چوبیس اپریل کو امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع کیے جانے والے اس مضمون میں کم طاقت والے ڈبلیو 76-2 وار ہیڈ کی تیاری اور کچھ آبدوزوں پر اسے نصب کیے جانے کی بات کہی گئي ہے۔

اس سے پہلے امریکی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا تھا کہ ملک کی بحریہ نے روس سمیت اپنے حریفوں سے مقابلے کے لیے کچھ آبدوزوں پر کم طاقت والی ایٹمی میزائيلیں نصب کر دی ہیں۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اس پر وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کے اقدامات امریکا کو بہت مہنگے پڑيں گے۔

ٹیگس