May ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • غیر ملکی شہریوں کی چین آمد کا سلسلہ شروع

کورونا کا خطرہ کم ہونے کے بعد غیر ملکی شہریوں کا پہلا گروپ چین پہنچ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دو سو غیر ملکی مسافروں کو لیکر پہلا مسافر بردار طیارہ جنوب مشرقی چین کے شہر تیانجین کے ہوائی اڈے پر اترا ہے۔ طیارے میں سوار زیادہ تر افراد کا تعلق جرمنی سے بتایا جاتا ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ غیر ملکی شہریوں کو لیکر دوسری پرواز تین جون کو فرینکفرٹ سے چین کے شہر شنگہائی پہنچے گی۔ مذکورہ پرواز کے ذریعے ایسے لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی ہے جن کی موجودگی اقتصادی، تجارتی، سائنسی، تکنیکی یا انسانی بنیادوں پر چین میں ضروری ہے۔

چین نے کورونا کے پھیلاؤ کے بعد ویزے کا اجرا بند اور پروازیں معطل کردی تھیں۔ چین دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والا پہلا ملک تھا اور اس نے مارچ کے مہینے میں اپنی تمام سرحدیں تمام غیر ملکی مسافروں کے لیے بند کر دیں تھیں۔ چین کے محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ بیرونی پروازوں کی تعداد ایک سو چونتیس پرواز فی ہفتہ سے بڑھا کر چار سو سات پرواز فی ہفتہ کی جا رہی ہے۔

ٹیگس