Jun ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۵ Asia/Tehran
  • انتخابی سروے میں جو بائيڈن کی فتح پر ٹرمپ کا دلچسپ ردعمل

امریکا کے صدر نے سی این این کی جانب سے کرائے گئے اس نئے سروے پر دلچسپ ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں بتایا گيا ہے کہ ان کے حریف کو چودہ فیصد زیادہ ووٹ حاصل ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ یہ سروے رپورٹ بھی سی این این کی دیگر تمام رپورٹوں کی طرح جعلی ہے۔ انھوں نے اسی طرح سن دو ہزار سولہ کی سروے رپورٹوں کے نتائج کی طرف اشارہ کیا ہے جن میں ہلیری کلنٹن کو، انتخابات میں ٹرمپ سے آگے دکھایا گيا تھا۔ ٹرمپ کا یہ ٹویٹ، سی این این کی جانب سے کرائے گئے ایک نئے سروے کے بعد سامنے آيا ہے جس میں کہا گيا ہے کہ امریکا کے پچپن فیصد رائے دہندگان جو بائيڈن کو ووٹ دیں گے جبکہ ٹرمپ کو اکتالیس فیصد ووٹ حاصل ہوں گے۔

 

اس سے پہلے بھی ایک سروے رپورٹ سامنے آئي تھی جس میں بتایا گيا تھا کہ میشیگن کی اہم ریاست میں، جو بائیڈن کو ملنے والے ووٹ، ٹرمپ کو ملنے والے ووٹوں سے دوگنا ہیں۔ ڈیٹروئیٹ فری پریس کی جانب سے کرائے گئے سروے میں بھی کہا گيا ہے کہ جو بائيڈن کو ترپن فیصد ووٹ ملیں گے جبکہ ٹرمپ کو اکتالیس فیصد ووٹ حاصل ہوں گے اور دونوں کے درمیان بارہ فیصد ووٹوں کا فاصلہ ہوگا۔

ٹیگس