Jun ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۸ Asia/Tehran
  • امریکا میں مظاہروں کا اثر، ڈیموکریٹس نے پولیس کے تشدد کو لگام دینے کا بل تیار کیا

امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ نے پولیس کے تشدد اور نسل پرستانہ ناانصافی پر لگام لگانے کے لیے ایک بل تیار کیا ہے۔

ایک سو چونتیس صفحات پر مشتمل اس بل کے مسودے میں، جسے سیاہ فام اراکین پارلیمنٹ کے ایک گروہ کی قیادت میں تیار کیا گيا ہے، پولیس کے تشدد اور نسل پرستی پر مبنی ناانصافی کو روکنے کے لیے کئي تجاویز پیش کی گئي ہیں۔ پولیس کے تشدد کا شکار ہونے والوں کو ہرجانے کا حق، پولیس کی وردی میں کیمرہ نصب کرنا، پولیس کے تشدد کو محدود کرنا اور پولیس کے تشدد کی الگ سے تفتیش میں سہولت پیدا کرنا اس بل میں پیش کی گئي کچھ تجاویز ہیں۔

 

امریکا کی ایک رکن پارلیمنٹ کیرن باس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جس پیشے میں قتل کرنے کا حق ہے، اس کے اہلکاروں کو بہت زیادہ تربیت یافتہ ہونا چاہیے اور اسی کے ساتھ انھیں عوام کے سامنے جوابدہ بھی ہونا چاہیے۔ حالانکہ ڈیموکریٹ اراکین پارلیمنٹ نے اپنے بل میں پولیس کا بجٹ ختم کرنے کی بات نہیں کی ہے جس کا بہت سے گروہوں اور کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے۔

 

ڈیموکریٹس کو امید ہے کہ رواں مہینے کے آخر تک اس بل پر ووٹنگ ہو جائےگی لیکن منظور ہونے کی صورت میں بھی کیا سینیٹ اسے پاس کرے گي؟ یہ اپنے آپ میں ایک اہم سوال ہے۔

ٹیگس