امریکہ میں ایک اور سیاہ فام باشندے کا قتل
امریکہ سمیت عالمی سطح پر سفید فام امریکی پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام امریکی باشندے جارج فلوئڈ کے بہیمانہ قتل کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران امریکی پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام امریکی باشندے کو قتل کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ 28 سالہ امریکی سیاہ فام شہری مائوریس گوردون نے ڈرائیونگ کے دوران قانون کی خلاف ورزی کی جس پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار رندال وتزل نے اسے روک کر قتل کر دیا۔
ریاست نیو جرسی کے اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو کہا کہ پولیس اہلکار نے پہلے اس سیاہ فام امریکی باشندے کو مرچوں کے اسپرے کر کے روکنے کی کوشش کی تاہم اس میں ناکامی اور دونوں کے گتھم گھتا ہونے کے بعد پولیس نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا سیاہ فام غیر مسلح تھا اور پولیس نے اس پر 6 فائر کئے۔
امریکی پولیس نے اس سیاہ فام باشندے کو 23 مئی کو قتل کیا تھا تاہم اس کی ویڈیو اب وائرل ہوئی ہے۔
امریکہ میں ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں نہایت دلخراش انداز میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئڈ کے ہونے والے قتل کے بعد امریکہ میں نسلی اقلیتوں اور سیاہ فاموں کے ساتھ بد سلوکی کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امریکی پولیس مظاہرین کو گاڑیوں سے کچلنے اور ان پر براہ راست فائرنگ کرنے جیسے غیر انسانی اور تشدد پسندانہ طریقے اختیار کر رہی ہے۔