Jun ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • بریگزیٹ کے بعد یورپی یونین سے سمجھوتہ متوقع ہے: برطانیہ

بریگزیٹ کے بعد مذاکرات میں ناکامی کے باوجود برطانیہ کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ جولائی میں سمجھوتے کے حصول کے بارے میں پرامید ہیں۔

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے امید ظاہر کی ہے کہ بریگزیٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ آئندہ تجارتی تعلقات کے بارے میں جولائی میں سمجھوتہ طے ہو جائے گا۔ بورس جانسن نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مختلف یورپی حکام منجملہ یورپی کمیشن کی چیئرمین اورزلا فون ڈر لائن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ہم میں بہت زیادہ فاصلہ پایا جاتا ہے۔

بورس جانسن نے کہا کہ مذاکرات میں نشیب و فراز پایا جاتا ہے تاہم اس وقت جس چیز کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ جلد سے جلد کسی نتیجے پر پہنچا جائے۔ برطانیہ کے وزیر اعظم نے بریگزیٹ کے بعد ہونے والے مذاکرات کو طول دئے جانے پر اپنی مخالفت بھی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے پیر کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مختلف یورپی حکام منجملہ یورپی کمیشن کی چیئرمین اورزلا فون ڈر لائن، یورپی کونسل کے سربراہ چارلز میشل اور یورپی پارلیمنٹ کے چیئرمین ڈیویڈ سیسولی سے بریگیزیٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس کانفرنس میں سن دو ہزار بیس کے اختتام سے قبل کسی بھی سمجھوتے کے حصول کی حمایت کی گئی۔

ٹیگس