Jun ۲۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۳ Asia/Tehran
  • آپس میں بھڑے صیہونی وزیر اعظم اور وزیر جنگ

اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ مغربی کنارے یا ویسٹ بینک کے کچھ علاقوں کے اسرائیل میں الحاق کے منصوبے پر صیہونی وزیر ا‏عظم اور وزیر جنگ کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں ۔ 

اسرائیل ہیوم اخبار نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے وزیر جنگ بنی گینٹز سے کہا کہ اگر ان کی پارٹی نے ویسٹ بینک کے منصوبے پر عمل درآمد کی مخالفت کی تو وہ کابینہ کو تحلیل کرنے اور دوبارہ انتخابات کرانے پر مجبور ہو جائیں گے۔
اخبار نے لکھا کہ نتن یاہو نے گینٹز کے ساتھ اپنے حالیہ اجلاس میں اس بات پر بارہا تاکید کی ہے، خاص طور پر اس لئے بھی کہ سینچری ڈیل نامی ٹرمپ کے منصوبے پر عمل در آمد کے لئے امریکا کو صیہونیوں سے اتحاد کی ضرورت ہے۔  
نتن یاہو نے ویسٹ بینک کے اسرائیل میں الحاق کے منصوبے پر عمل در آمد کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس پر عمل در آمد کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گینٹز اس حوالے سے اپنے رخ پر قائم رہے تو پھر وسط مدتی انتخابات کرانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا۔ 
گینٹز کا کہنا ہے کہ ویسٹ بینک کے کچھ علاقے کے اسرائیل میں الحاق کے منصوبے پر تبھی عمل در آمد کیا جائے جب اسرائیل کا دو سال کا بجٹ منظور ہو جائے۔ 
نتن یاہو صرف ایک سال کا بجٹ منظور کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے پاس پارلیمنٹ کی تحلیل کا موقع رہے۔

ٹیگس