Jun ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • ونزوئیلا کے ساحلوں کے قریب امریکی جنگی جہاز کی گشت

واشنگٹن نے کشیدگی پیدا کرنے والی پالیسی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک جنگی جہاز ونزوئیلا کے ساحلوں کے قریب گشت کے لئے روانہ کیا ہے۔

امریکی فوج کی جنوبی کمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ونزوئیلا کی بحری حدود کے قریب یوایس ایس نیٹز نامی جنگی بحری جہاز کو گشت پر لگا دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکی بحری جنگی جہاز کی گشتی کارروائی ونزوئیلا کی ایک بندرگاہ پر غذائی اشیا کے حامل ایران کے بحری جہاز کے لنگرانداز ہونے کے بعد انجام پائی ہے۔ ذرائع ابلاغ نے ونزوئیلا کے لاگوئرا بندرگاہ پر خوراک اور غذائی سامان کے حامل ایران کے چھٹے بحری جہاز کے لنگرانداز ہونے کی خبر دی ہے۔ونزوئیلا میں ایران کے سفارتخانے نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ اس جہاز میں کے ذریعے خوراک اور غذائی اشیا بھیجی گئی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران واشنگٹن کی پابندیوں کی شکار ونزوئیلا کی حکومت اور عوام کی مدد کے لئے اس سے پہلے پانچ بڑے آئل ٹینکر بھی کاراکاس کے لئے روانہ کر چکا ہے۔ ایران نے پانچ آئل ٹینکر اس لئے ونزوئیلا روانہ کئے تاکہ امریکی پابندیوں کے شکار جنوبی امریکہ کے اس ملک کو درپیش پیٹرول کی قلت کے مسئلے کو حل کر سکے۔ امریکہ، حالیہ مہینوں کے دوران اقتصادی محاصرے، دھمکیوں پابندیوں اور دباؤ کے ذریعے امریکی پالیسیوں اور رویے کی مخالف ونزوئیلا کی قانونی حکومت کو گرانے کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم وہ اب تک کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

درایں اثنا امریکی وزیر خزانہ نے ایران کی جانب سے ونزوئیلا کی حمایت کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ واشنگٹن ، تہران کاراکاس کے درمیان لین دین کو روک رہا ہے۔امریکی وزیرخزانہ اسٹیو منوچین نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن ہر اس ملک پر پابندی عائد کرے گا جو پابندیوں کو بائی پاس کرنے کی ایران کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ امریکی وزیرخزانہ نے اپنے اس بیان میں جو انھوں نے ونزوئیلا کے لئے ایندھن لے جانے والے ایران کے پانچ آئل ٹینکروں کے کپتانوں پر پابندی کے سلسلے میں دیا ہے کہا کہ ایران کی جانب سے ونزوئیلا کی حمایت ناقابل قبول ہے اور ٹرمپ حکومت، ایران کی اس مدد کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طاقت جھونک دے گی۔

امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکہ نےایرانی بحری جہازوں کے ان پانچوں کپتانوں پر پابندی عائد کردی ہے جنھوں ونزوئیلا کے لئے ایندھن اور دیگر ساز و سامان پہنچائے ہیں۔ ونزوئیلا کے لئے ایرانی ایندھن کی کھیپ پہنچنے کے بعد کاراکاس حکومت نے ملک بھر میں تیل کی ترسیل کا نیا سسٹم شروع کر دیا ہے۔ ایرانی آئل ٹینکر ایسے عالم میں ونزوئیلا کی بندرگاہوں پر لنگرانداز ہوئے ہیں کہ امریکی حکومت نے تہران اور کاراکاس کے درمیان قائم نیا اقتصادی اتحاد توڑنے کے لئے دھمکی دی تھی کہ وہ ایرانی آئل ٹینکروں کو ونزوئیلا کے ساحلوں تک نہیں پہنچنے دے گی۔

ٹیگس