روسی طیاروں نے امریکی طیاروں کا تعاقب کیا
روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے بحیرہ اسود کی فضا میں امریکی جنگی طیاروں کا پیچھا کیا ہے
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ روس کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے بحیرہ اسود کے آزاد علاقے کی فضا میں امریکی طیاروں کا پتہ لگایا جس کے بعد روس کے سوخو تھرٹی لڑاکا طیاروں کے ذریعے امریکہ کے ان طیاروں کا تعاقب کیا گیا۔
روس کی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق امریکی طیاروں کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کا اب تک کئی بار مشاہدہ کیا جا چکا ہے۔ روس کے نیشنل ڈیفینس مرکز کی اطلاعات کے مطابق امریکہ کا ایک جنگی بحری جہاز بھی سترہ جون کو بحیرہ اسود میں داخل ہوا ہے۔ روسی فوج نے مئی میں بھی امریکی جنگی طیاروں کا بالٹیک اور بحیرہ اسود کی فضا میں تعاقب کیا تھا جس کے بعد امریکہ کے یہ جنگی طیارے اپنا راستہ تبدیل کر کے روسی سرحدوں سے دور ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ بحیرہ اسود اس وقت روس اور مغرب کے درمیان محاذ آرائی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران امریکہ اور نیٹو کے جنگی طیارے روسی سرحدوں کے قریب بارہا پرواز کرتے دیکھے گئے ہیں۔