Jun ۲۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور نیپال میں پھر ٹھنی، نیپال کا ہندوستان پر سازش کا الزام

نیپال کے وزیر اعظم نے ہندوستان پر الزام عائد کیا ہے کہ نئی دہلی، ان کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے سازش رچ رہا ہے۔

نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے کہا کہ ان کی کرسی ہتھیانے کے لئے نئی دہلی اور کاٹھمانڈو میں سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے اس سازش کا سبب ملک کے نئے نقشے کو قرار دیا ہے۔ 

کاٹھمانڈو پوسٹ کے مطابق، نیپال کمیونسٹ پارٹی کے رہنما اور ملک کے وزیر اعظم کے پی شرما نے اتوار کو ایک پروگرام میں کہا کہ ملک کا نیا نقشہ جاری کرنے اور پارلیمنٹ میں اسے منظور کروانے کی وجہ سے میرے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔

دانشوروں کی بحثیں، دہلی سے میڈیا رپورٹس، سفارتخانے کی سرگرمیاں اور کاٹھمانڈ کے الگ الگ ہوٹلوں میں جاری اجلاس سے یہ سمجھنا مشکل نہیں ہے کہ کس طرح لوگ مجھے اقتدار سے ہٹانے کے لئے کھل کر سرگرم ہوگئے ہیں لیکن ان کو کامیابی حاصل نہیں ہو گي ۔

نیپال کے وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ مجھے اقتدار سے بے دخل کر سکتا ہے تو میں اسے یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارا قومی اتحاد اتنا کمزور نہيں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اقتدار سے بے دخل کر بھی دیا گیا تو ہر ایک شخص ملک کے لئے آواز بلند کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں طویل مدت تک وزارت عظمی پر نہیں رہوں گا لیکن اگر آج میں چھوڑ دیتا ہوں تو کوئی ایسا شخص نہیں ہوگا جو ملک کے لئے نہ بولے، مجھے ملک کا وزیر اعظم بنے رہنا ہے، اپنے لئے نہيں بلکہ ملک کے لئے اور آج کے لئے نہیں بلکہ کل کے لئے۔

ٹیگس