جارج واشنگٹن کے مجسمے پر حملہ کرنے والوں کو ٹرمپ نے دی دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ ملک کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کے مجسمے پر حملہ کرنے والوں کو 10 سال جیل کی سزا دی جائے گی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ٹوئٹ کر کہا کہ دو بلوائیوں کی تلاش جاری ہے جنہوں نے نیویارک کے مینہٹن میں پہلے صدر جارج واشنگٹن کے مجسمے پرلال رنگ پوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے قانون کے مطابق ان افراد کو دس سال کی سزا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ امریکہ میں نسل پرستی کے خلاف جاری مظاہروں کے آغاز سے اب تک بردہ داری اور بردہ فروشی کی علامت سمجھے جانے والے درجنوں مجسمے گرائے جا چکے ہیں۔
چند روز قبل ناانصافیوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والے امریکی شہریوں نے ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ کے ایک پارک میں نصب کرسٹوفر کولمبس کا مجسمہ توڑ کر اسے جھیل میں ڈال دیا تھا۔ مظاہرین نے اس سے پہلے رچمنڈ سٹی میں نصب نسلی برتری کے حامی مشہور امریکی جنرل، ویلیم کارٹر ویکھم کا مجسمہ بھی منہدم کر دیا تھا۔
امریکہ کے مختلف شہروں میں ان دنوں نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
امریکہ، حالیہ دنوں میں نسل پرستی اور پولیس کے تشدد کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے پورٹ لینڈ ، اوریگون میں امریکہ کے پہلے صدر، جارج واشنگٹن، امریکہ کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن اور امریکی بر اعظم کو دریافت کرنے والے کرسٹوفر کولمبس کی یادگاریں مسمار کر دی ہیں۔