Jul ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • امریکہ میں کورونا کا سونامی، ایک روز میں 51 ہزار مبتلا

امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں نہ صرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں ایک ہی روز میں 51 ہزار کورونا کیسز سامنے آگئے اس طرح اس وائرس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 79 ہزار 953 ہو چکی ہے۔ جبکہ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار 798 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے امریکا میں 14 لاکھ 84 ہزار 475 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 898 کی حالت تشویش ناک ہے ۔

امریکا میں کورونا وائرس کی وباء پھر تیزی سے پھیلنے کے سبب نیویارک شہراور مشی گن میں ریسٹورانوں کو بند کردیا گیا ہے۔

امریکی ریاست نیو یارک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 18 ہزار 605 تک جا پہنچی ہے جبکہ 32 ہزار 143 کورونا مریض موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔

کیلی فورنیا کورونا کیسز کی تعداد کے حوالے سے دوسری ریاست ہے جہاں 2 لاکھ 38 ہزار 391 کورونا وائرس کے مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ 6 ہزار 164 افراد اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

ریاست نیو جرسی کورونا وائرس سے اموت کے لحاظ سے دوسرے اور کیسز کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے جہاں 15 ہزار 218 کورونا مریض اب تک اپنی جان گنوا چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 77 ہزار 238 کورونا کیسز اب تک رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکہ نے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل دیر سے شروع کیا ہے اور اب اسے کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس بیماری کے مقابلے کے لیے ضروری وسائل اور ٹیسٹ کٹس کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ حکومت کی ناقص کارکردگی اور ناتوانی کی بنا پر امریکی حکومت اور خود ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹیگس